ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل:68ویں یوم ِ جمہوریہ کی شاندار تقریب : تعلیم کے لئے ذات ، حیثیت رکاوٹ نہ بنے : منکال وئیدیا

بھٹکل:68ویں یوم ِ جمہوریہ کی شاندار تقریب : تعلیم کے لئے ذات ، حیثیت رکاوٹ نہ بنے : منکال وئیدیا

Thu, 26 Jan 2017 18:21:29    S.O. News Service

بھٹکل:26/جنوری  (ایس او نیوز) ہمارا ملک بھارت ایک مضبوط ملک کی طرف سے گامزن ہے، ملک کو مزید مضبوط و مستحکم بنانا ہے تو ملک کے ہرشہری کو تعلیم ملنی چاہئے ، تعلیم حاصل کرنے کے لئے ذات پات، امیر غریب کے حدود رکاوٹ نہیں ہونے چاہئے۔ ان خیالات کااظہار رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے کیا۔

جمعرات کو نوائط کالونی کے تعلقہ میدان میں تعلقہ انتظامیہ ، محکمہ تعلیمات عامہ  اور قومی تہوار کمیٹی کے اشتراک سے منعقدہ 68ویں یوم ِ جمہوریہ کی صدارت کرتے ہوئے  خطاب کررہے تھے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بچوں کو تعلیم وتہذیب کے ساتھ  عاجزی و انکساری بھی ملتی ہے۔ میرے حلقہ میں تعلیمی میدان میں سرکاری سہولیات میں اگر کمی ہورہی ہے تو میں خود اپنی طرف سے رقم خرچ کرکے مکمل سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہاہوں۔ رکن اسمبلی نے کہاکہ تعلیم عام لوگوں کی زندگی کی تشکیل کرتی ہے، اسی لئے ضروری ہے کہ تعلیم ہر ایک کو میسر ہو۔ ملک کی ترقی صرف تعلیم سے ہی ممکن ہے جو ہمارے ملک کو مضبوط بھی بناسکتی ہے۔

پرچم کشائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ایم این منجوناتھ نے کہاکہ ہمارا دستور ہمیں کئی ایک حقوق اور فرائض کوعطاکیا ہے جس کے متعلق ہم شعور حاصل کرکے ملک کے بہتر شہری کے طورپر زندگی گزارنے کی اپیل کی۔ تحصیلدار وی این باڈکر نے استقبال کرتے ہوئے افتتاحی کلمات پیش کئے ، بی ای اؤ وینکٹیش پٹگار نے شکریہ اداکیا۔ شری دھر شیٹھ نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ ڈائس پر بلدیہ صدر محمد صادق مٹا، نائب صدر کے ایم اشفاق، تعلقہ پنچایت صدر ایشور نائک، جالی پنچایت صدر عبدالرحیم شیخ، تعلقہ پنچایت افسر سی ٹی نائک ،ڈی وائی ایس پی شیو کمار ، سمیت  ضلع پنچایت ،تعلقہ پنچایت اور بلدیہ ممبران ، عوامی نمائندے ، مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے جنرل سکریٹڑی محی الدین الطاف کھروری، انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے صدر عبدالرحیم جوکاکو، ایڈیشنل جنرل سکریٹری محمد اسحق شاہ بندری ، شہر کی معزز شخصیات ، عوام کے ساتھ برقعہ پوش خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ یوم جمہوریہ  پریڈ کی کمانڈنگ سی پی آئی سریش نایک نے کی۔

پروگرام کے بعد شہری سطح کے مختلف اسکولوں کے طلبا نے بہت ہی شاندار ثقافتی پروگرام پیش کئے ۔ اس موقع پر مختلف میدانوں میں کارکردگی کا مظاہرہ کئے شخصیات کی تہنیت کی گئی ۔

تعلقہ اسٹڈیم میں منعقدہ یوم جمہوریہ کی پوری تقریب ساحل آن لائن پر لائیو ٹیلی کاسٹ کی گئی تھی۔ جس کی وڈیو ریکارڈنگ ذیل میں دی جارہی ہے:

 


Share: